نئی دہلی،04 ؍مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) ہندوستان کی طرف سے پاکستان کے بالاکوٹ میں گھس کر دہشت گرد تنظیم جیش محمد کے ٹھکانوں پر کی گئی ایئر اسٹرائک پر اب سیاست بھی تیز ہو گئی ہے۔کانگریس لیڈر کپل سبل نے انٹرنیشنل میڈیا کی رپورٹوں کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی سے جواب مانگا ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی میڈیا کہہ رہی ہے کہ کوئی دہشت گرد نہیں مارا گیا ہے اور اس پر جواب دیا جانا چاہئے۔سابق مرکزی وزیر داخلہ پی چدمبرم نے اس حملے میں ہلاکتوں کی تعداد سامنے آنے پر سوال اٹھائے۔پنجاب حکومت میں وزیر نوجوت سنگھ سدھو نے بھی فوج کی سیاست بند کرنے کا مطالبہ کیا۔بتا دیں کہ کانگریس لیڈر دگ وجے سنگھ اور مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے بھی ایئر اسٹرائک کے ثبوت مانگے ہیں۔غور طلب ہے کہ پی ایم مودی نے اتوار کو پٹنہ میں این ڈی اے کی ریلی میں اپوزیشن کے ایئر اسٹرائک پر ثبوت مانگنے پر جم کر نشانہ لگایا تھا۔وزیر اعظم نے کہا تھا کہ اپوزیشن کی اس مانگ سے پاکستان تالیاں بجا رہا ہے۔سبل نے ایک ٹویٹ میں نیو یارک ٹائمز، لندن واقع جین انفارمیشن گروپ، واشنگٹن پوسٹ، ڈیلی ٹیلیگراف، دی گارڈین اور رائٹرز جیسے انٹرنیشنل میڈیا میں پاکستان کے بالاکوٹ میں دہشت گردوں کو نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے۔انہوں نے ٹویٹ کر مرکزی حکومت پر دہشت گردی کی سیاست کا مجرم ہونے کا الزام لگایا۔انہوں نے کہاکہ میں پی ایم سے یہ پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا انٹرنیشنل میڈیا پاکستان کی حمایت کر رہی ہے؟ جب بین الاقوامی میڈیا پاکستان کے خلاف بولتا ہے تو آپ خوش ہوتے ہیں،کیا ان کا سوال پوچھنا پاکستان کی حمایت کی وجہ سے ہے؟ ۔سابق وزیر داخلہ چدمبرم نے ٹویٹ کر کہا کہ ہندوستانی فضائیہ کے وائس ایئر مارشل نے ہلاکتوں پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ کوئی شہری یا فوجی ہلاک نہیں ہوا تو ہلاکتوں کی تعداد 300۔350 کس نے بتائی؟ بتا دیں کہ بی جے پی چیف امت شاہ نے اتوار کو احمد آباد میں ایک پروگرام میں کہا تھا کہ ہندوستانی فضائیہ کی ائر اسٹرائک میں 250 دہشت گرد ہلاک ہو گئے تھے۔چدمبرم نے ایک اور ٹویٹ میں کہاکہ ایک وفادار شہری کے طور پر میں اپنی حکومت پر بھروسہ کرنے کے لئے تیار ہوں لیکن اگر ہم یہ چاہتے ہیں کہ دنیا کو بھی بھروسہ ہو، تو حکومت کو اپوزیشن کو تنقید کے بجائے اس کے لئے کوشش کرنی چاہئے۔سدھو نے ٹویٹ کر پوچھا 300 دہشت گرد ہلاک، ہاں یا نہیں؟ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ فوج پر سیاست بند ہونی چاہئے۔غور طلب ہے کہ کچھ دن پہلے مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی اور سینئر کانگریس لیڈر دگ وجے سنگھ نے بھی بالاکوٹ میں کی گئی ایئر اسٹرائک کے ثبوت جاری کرنے کا ہفتہ کو مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا تھا کہ جس طرح امریکہ نے اسامہ بن لادن کے خلاف کارروائی کے ثبوت جاريکئے تھے، اسی طرح ہمیں بھی ثبوت جاری کرنے چاہئے۔قابل ذکر ہے کہ مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے کچھ دن پہلے کہا تھا کہ ملک کو یہ جاننے کا حق ہے کہ بالاکوٹ میں ہوائی حملے کے بعد واقعی کیا ہوا، کیونکہ بہت سے غیر ملکی میڈیا نے خبر دی ہے کہ فضائی حملے میں زیادہ نقصان نہیں ہوا ہے۔